حوزه نیوز ایجنسی | آیت اللہ مرعشی نجفیؒ کے شاگرد حاج شیخ عبداللہ موسیانی نے ایک روحانی واقعہ نقل کیا ہے، جس میں حضرت فاطمہ زہرا(س) کے مقام و عظمت اور حضرت فاطمہ معصومہ(س) کی زیارت کی فضیلت بیان کی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ آیت اللہ مرعشی نجفیؒ نے طلبہ کو فرمایا کہ ان کے قم آنے کی اصل وجہ ایک روحانی واقعہ تھا، جو ان کے والد سید محمود مرعشی نجفیؒ کے ساتھ پیش آیا۔
سید محمود مرعشی نجفیؒ، جو عبادت و زہد میں مشہور تھے، انہوں نے چالیس راتیں حرمِ امیرالمؤمنین حضرت علی علیہ السلام میں عبادت میں گزاری، تاکہ حضرت کی زیارت نصیب ہو۔
ایک رات حالتِ مکاشفہ میں انہوں نے حضرت امیرالمؤمنین علیہ السلام کی زیارت کی۔ حضرت نے فرمایا:
"سید محمود! کیا چاہتے ہو؟"
انہوں نے عرض کیا: "میں چاہتا ہوں کہ مجھے حضرت فاطمہ زہرا(س) کی قبر مبارک کا مقام معلوم ہو، تاکہ زیارت کر سکوں۔"
حضرت امیرالمؤمنینؑ نے فرمایا: "میں حضرت فاطمہؑ کی وصیت کے خلاف ان کی قبر ظاہر نہیں کر سکتا۔"
سید محمودؒ نے عرض کیا: "پھر میں زیارت کے لیے کیا کروں؟"
حضرتؑ نے فرمایا: "اللہ تعالیٰ نے حضرت فاطمہ زہرا(س) کا جلال اور عظمت حضرت فاطمہ معصومہ(س) کو عطا فرمایا ہے۔ جو شخص حضرت زہرا(س) کی زیارت کا ثواب حاصل کرنا چاہے، وہ قم میں حضرت فاطمہ معصومہ(س) کی زیارت کرے۔"
یہ واقعہ کتاب "زلال حکمت؛ زندگی و سلوک آیت اللہ مرعشی نجفی" (صفحہ 92) میں موجود ہے۔









آپ کا تبصرہ